لاہور،14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے صوبے میں ا نتظامی لحاظ سے 5 نئے اضلاع بنانے کا بڑااعلان کردیا ہے۔وزیراعلی نے تونسہ شریف، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادوکو نئے ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ چودھری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام سے کئے گئے وعد ے پورے کر دیئے ہیں۔میں نے 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھاجبکہ2018میں حافظ عمار یاسر کے بڑے جلسے میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اب تونسہ اور تلہ گنگ کو ضلع بنا نے کی منظوری بھی میں نے دی ہے،جس پر اللہ تعالی کا شکر گز ار ہوں۔ مری، وزیرآباد اور کوٹ ادو کو بھی ضلع بنانے کی منظوری دی ہے اورتونسہ، تلہ گنگ، مری، وزیرآباد اور کوٹ ادوکے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جانے پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتا ہوں۔
وزیراعلی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے پنجاب میں نئے اضلاع پر بریفنگ دی۔وزیراعلی نے کہا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور تعلیم،صحت ودیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیاہے اور اس کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔ نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامز ن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا ہے اورآئندہ چند دنوں میں اس ضمن میں میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تونسہ شریف، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے اراکین اسمبلی نے اضلاع کی منظوری پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے تشکرکا اظہار کیا اورکہا کہ آپ کا یہ فیصلہ عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔آپ نے عوام کے دیرینہ مطالبے کو مختصر مدت میں پورا کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تونسہ شریف کو ضلع بنانے پر وزیراعلی پرویز الہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تونسہ شریف کے ضلع بننے سے علاقے کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی۔
صوبائی وزرا راجہ بشارت، محسن لغاری، راجہ یاسر ہمایوں، متعلقہ علاقوں کے اراکین اسمبلی خواجہ شیرازمحمود،محمد خان لغاری، حافظ عمار یاسر، خواجہ داد سلیمانی، جاوید اختر لنڈ،سردار سیف الدین کھوسہ، سردار محمد محی الدین کھوسہ،احمد علی دریشک،محمد احمد چٹھہ،محمد شبیر،لطاسب ستی،محمد رضوان،راسخ الہی، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندراورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔