خیرپور؛ ڈبلیو ایچ او کے وفد  کی  ڈپٹی کمشنر سے ملاقات  ،سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا

30

خیرپور،14 اکتوبر(اے پی پی): عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں مقرر نمائندے ڈاکٹر پالیتا گوناراتھنا ماہی پالا اور ڈاکٹر سارہ سلمان نے اپنی ٹیم کے ساتھ خیرپور پہنچ کر ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور سے ملاقات کی اور بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات، بیماریوں کی روک تھام، احتیاطی تدابیر، سندھ حکومت، محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر ہیلتھ پارٹنرز کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیل سے جائزہ لیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظفر عباس عباسی، ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمت اللہ سولنگی، منیجر پی پی ایچ آئی راشد مہیسر، ڈاکٹر شاہد خاصخیلی، ڈاکٹر فرخ بھنبھرو، ایم ایس ڈاکٹر اشفاق سومرو سمیت دیگر انتظامی افسران شریک تھے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور نے بتایا کہ شدید برسات کے نتیجے میں ضلعی خیرپور میں کاروبار زندگی متاثر ہوا اور مختلف بیماریوں کی نشاندہی سامنے آئی جس پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر ہیلتھ پارٹنرز نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ٹینٹ شہروں  کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ، ویکسین مہم، ادویات کی فراہمی اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے جس کی نگرانی وہ خود کررہے ہیں۔

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں مقرر نمائندے ڈاکٹر پالیتا گوناراتھنا ماہی پالانے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر ہیلتھ پارٹنرز کی کوششوں کو سراہا  جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں مقرر نمائندے ڈاکٹر پالیتا گوناراتھنا ماہی پالا نے اپنی ٹیم کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمت اللہ سولنگی سے ملاقات کی اور محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بارشوں کے نتیجے کیے گئے اقدامات اور مطلوبہ ضروریات کے بارے میں تفصیل سے غور و خوص کیا گیا۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں مقرر نمائندے ڈاکٹر پالیتا گوناراتھنا ماہی پالانے ڈاکٹر سارہ سلمان اور اپنی ٹیم کے ساتھ لیڈی ولنگٹن اسپتال کے گائنی، پیڈز، جنرل وارڈ اور اسٹور سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر پرنسپل خیرپور میڈیکل کالج اسپتال ڈاکٹر رخسار شاہانی اور وائس پرنسپل ڈاکٹر کلثوم آزاد لاشاری نے تمام تر اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔