موذن سے ڈی جی تک کی پوسٹوں کواپ گریڈ کیا جائے گا، محکمہ اوقاف کے تمام ملازمین کو 15سے 25فیصد سپیشل الائونس دیں گے؛پرویزالہی

9

لاہور،16اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ حکومت محکمہ اوقاف اورمذہبی امور کو ہر برس 30کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ دے گی اوراس گرانٹ میں ہر برس 5کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گاجبکہ موذن سے ڈی جی تک کی پوسٹوں کواپ گریڈ کیا جائے گا،محکمہ اوقاف کے تمام ملازمین کو 15سے 25فیصد سپیشل الائونس دیں گے،انسداد منشیات کا علیحدہ محکمہ بنائیں گے  جس میں آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوز کوبھرتی کیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے  اتوار کے روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کے دورے کے موقع پرکیا ۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ میں نے سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کا 3جون2006کو سنگ بنیاد رکھااور18نومبر2007کو سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کاافتتاح کیا،ہم نے سیرت اکیڈمی کونبی پاک کی تعلیمات کے فروغ  کیلئے قائم کیا۔

چودھری پرویز الہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزمیں قرآنی آیات آویزاں کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ لائبریری کواپ گریڈ کرکے ڈیجیٹل کیا جائے گا، سیرت اکیڈمی میں ایم فل اورپی ایچ ڈی کی کلاسیں شروع کی جائیں گی،مدینہ یونیورسٹی،جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر نمایاں جامعات کے اشتراک سے ایم فل اورپی ایچ ڈی کی کلاسیں ہوں گی،ریسرچ سکالرز کیلئے100کمروں کا ہاسٹل تعمیر کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں قرآن میوزیم بھی بنائیں گے جہاں قرآن مجید کے نایاب اورنادر نسخہ جات رکھے جائیں گے،سیرت اکیڈمی کو دینی فیصلوں کا مرکز بنایا جائے گا،  اکیڈمی میں دینی نصاب کے حوالے سے تحقیقی کام بھی ہو گا۔

 وزیراعلی نے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اوقاف کے تمام ملازمین کو 15سے 25فیصد سپیشل الائونس دیں گےجبکہ ڈی جی مذہبی امور، خطبا اورموذن کی پوسٹوں کو اپ گریڈکریں گے۔انہوں نے کہا کہ موذن کے سکیل4،5 کو اپ گریڈ کر کے 7 اورنائب خطیب،مدرس کے سکیل6،7کو  12، خطیب امام کے سکیل 9کو 14اورسینئر خطیب کے سکیل12کو 16کردیاجائے گا۔اسی طرح ضلعی خطیب کے سکیل 16کو اپ گریڈ کے 17،زونل خطیب کے سکیل کو 17سے  18، صوبائی خطیب کے سکیل کو 18سے 19کیاجائے گا،اسی طرح ڈی جی مذہبی امور کے سکیل20 کو اپ گریڈ کر کے 21کردیاجائے گا۔

وزیراعلی  نے کہا کہ پنجاب حکومت محکمہ اوقاف اورمذہبی امور کو ہر برس 30کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ دے گی اوراس گرانٹ میں ہر برس 5کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسا قانون بنا دیں گے کہ کوئی ان اخراجات کو روک نہیں سکے گا۔ وزیراعلی نے بتایا کہ میں نے سیرت اکیڈمی اس لئے بنائی کہ نئی نسل کو دینی تعلیمات اورسیرت نبوی سے زیادہ سے زیادہ روشناس کرایا جاسکے،ہم ایسا ٹرینڈ سیٹ کریں گےکہ نئی نسل بے راہ روی کی طرف نہ جائے،سیرت نبویﷺ   کے حوالے سے ریسرچ کا کام اس ادارے میں ہونا ہے،ریسرچ سکالرز ہماری رہنمائی کریں کہ کس طرح ہم موجودہ حالات میں دین اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنا سکتے ہیں،سیرت اکیڈمی روشنی کا مینار ہے۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا کہ ہم نے محرم الحرام اوردیگر اہم مواقع پر مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے اوران پر عمل کیا، علمائے کرام مشاورت کے ساتھ فیصلے کریں،ہماری حکومت ان پر عمل کرے گی،سیرت اکیڈمی میں ایم فل ریسرچ پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے،خلفائے راشدین کے ادوار پر ریسرچ ہوگی،دین کا کام سیرت اکیڈمی سے ہوگا،تفرقہ بازی سے ملک وقوم اور نئی نسل کوکوئی فائدہ نہیں ہوگا،ریسرچ سکالرز کے لئے 100کمروں کا ہاسٹل بھی بنایا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر تحقیقات ہورہی ہیں اورجلدایکشن ہو گااورذمہ داروں کو سزا بھی ملے گی، آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کر کے رپورٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ میوہسپتال میں چندروزکے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر بھی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے،تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اورخریدو فروخت کو روکنے کیلئے قانون سازی کررہے ہیں،انسداد منشیات کا علیحدہ محکمہ بنائیں گے اوراینٹی نارکوٹکس فورس بھی بنے گی جس میں آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوز کوبھرتی کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی،ایل ڈی اے لاہورمیں گرین اوربرائون ایریاز کو باقاعدہ ڈکلیئر کرے گا اورکوئی بھی گرین ایریامیں ہائوسنگ سوسائٹی نہیں بناسکے گا۔

چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا محمد حنیف جالندھری،جامعہ اشرفیہ کے مفتی احمد علی،راسخ الہی،سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر لاہورڈویژن،سیکرٹری اطلاعات،ڈی جی پی ایچ اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔