بہاولپور، 17 اکتوبر (اے پی پی ): گورنر پنجاب و چانسلر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کا شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے اور ملک کی معیشت میں اہم کردار ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز میں بریفنگ تقریب سے خطاب میں کیا۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یہ خطہ لائیو سٹاک کے بہتر علاج کے حوالہ سے صوبہ بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز میں لائیو سٹاک کے شعبہ میں ریسرچ، لائیو سٹاک کے بہتر علاج، بریڈنگ کے حوالہ سے اقدامات سے ترقی کے مزید راستے کھلیں گے۔
گورنر پنجاب نے فیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ طلبا کی کردارسازی پر خصوصی توجہ دیں اور طلبا میں ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کی ترغیب دیں۔
قبل ازیں وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سجاد خان نے ادارہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔