کراچی،18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کے واقعے کو آج 15 برس بیت گئے لیکن آج بھی ہم سانحہ کارساز کے شہدا ءکی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداء کو ویڈیو پیغام میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز کے تمام شہدا ءکو آج بھی سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر 2007 کو لاکھوں افراد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے والہانہ استقبال کرنے کے لئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے ،لوگوں کے سمندر نے اپنی قائد کی طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا،اس موقع پر لوگوں کا جوش اور ولولہ دیکھنے جیسا تھا اور کہا کہ کارساز کے مقام پر استقبال کے دوران دو دھماکے ہوئے جس میں 180 افراد شہید اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ، آج بھی سانحہ کارساز کے شہدا ءکے وہ تمام مناظر یاد آتے ہیں تو رو نگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں،ہم سانحہ کارساز کے شہدا ءکی عظیم قربانیوں کو اب بھی یاد کرتے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اس ملک کے اندر جمہوریت کے حصول کے لئے بہت عظیم قربانیاں دی ہیں،18 اکتوبر ان عظیم قربانیوں میں سے ایک قربانی کا دن ہے۔