اوکاڑہ،19اکتوبر(اے پی پی ):ممبر صوبائی اسمبلی و رہنما مسلم لیگ ن چودھری منیب الحق نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس سے والہانہ عشق اور محبت ایمان کی نشانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی ، ماڈا اوکاڑہ ، کوتھم کالج کے اشتراک سے “محمد ﷺ فار آل کمپیین ” کے سلسلہ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس سے مفتی محمد نعمان حنیف،سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مس صائمہ رشیدایڈووکیٹ، پرنسپل ادارہ ہذامحمد عثمان ہادی ، صدر ماڈا محمد مظہررشید چودھری نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ربیع الاول ، حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں والا ہے، حضرت محمد ﷺ کی محبت اور ان کی ذات اقدس سے عشق زندگی میں کامیابی کے لئے ضروری ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی چودھری منیب الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ سے محبت اور عقیدت ہر مسلمان کے لئے قیمتی ترین اثاثہ ہے، حضرت محمد ﷺ دو جہانوں کے لیے رحمت ہیں، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ”وما ارسلنک الا رحمة للعالمین“ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نبیوں ، رسولوں اور فرشتوں کے لئے رحمت ، جِنّات اور انسانوں کے لئے رحمت، مومن وکافرکےلئے رحمت ہیں ،دین و دنیا میں رحمت ہیں الغرض عالَم میں جتنی چیزیں داخل ہیں ، حضرت محمد ﷺ ان سب کے لئے رحمت ہیں۔
چودھری منیب الحق نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو محمدﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں اسی طرح ہم دنیا وآخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں ، وطن عزیز پاکستان کے تمام مسائل کا حل حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل اور پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے دور میں کیے گئے اقدامات پر عمل کرنے میں ہے۔











