ملتان،19اکتوبر(اے پی پی ):سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی تعمیر کا منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب آفس کے افسران نے متی تل میں زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن علی عاطف بٹر اور سیکشن آفیسر محمد احمد خان افسران میں شامل تھے۔
ڈپٹی سیکرٹری علی عاطف نے زیر تعمیر سیکرٹریٹ اور جی او آر کی بلڈنگ کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔آئی ڈیپ کے افسران نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹریٹ کے فرسٹ فلور کی چھت ڈال دی گئی ہے اور سیکنڈ فلور کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ جی او آر کی فالس سیلنگ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تعمیر کے لئے تمام فنڈز اورمیٹیریل دستیاب ہے اور ٹائم فریم کے مطابق منصوبے آگے بڑھ رہا ہے اور اسے معینہ مدت کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔آئی ڈیپ کے افسران نے بتایا کہ منصوبے بارے مفصل رپورٹ تین یوم کے اندر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو پیش کردی جائے گی۔











