اوکاڑہ،20اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں اور انہیں بھاری جرمانہ کیا جائے، صنعتی یونٹوں اور بھٹہ مالکان کوانسداد سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت نتائج کا سامنا کرناہوگا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نےضلع کی تینوں تحصیلوں میں انسداد سموگ اقدامات کاجائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اوکاڑہ،دیپالپورمیں فیلڈ وزٹ کے بعد بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی اور انسداد سموگ اقدامات خود چیک کئے،اس موقع پرتمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بھٹہ مالک کو زگ زیگ ٹیکنالوجی سے انحراف اور فصلوں کی باقیات جلانے کاشتکاروں کو انسداد سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری طور گرفتار کروایا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ فضائی آلودگی اور انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے، ہمیں ماحول کو صاف ستھرا رکھنے محفوظ بنانے اور زندگی کی بقا کے لئے فوری اقدامات کرناہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ڈاکٹر رانا اورنگزیب ،ڈی او لیبر سید نصیر عباس شاہ ، ڈی او ماحولیات،ڈی او انڈسٹری،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع راوَ ریاض انجم سے ضلع میں انسداد سموگ کاروائیوں سے متعلق بریفنگ دی ۔











