داسو، مہمند، دیامر، بھاشا اور بونجی ڈیمز کے منصوبے ملک میں انرجی کی ضروریات اور زراعت کی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں؛ سید خورشید احمد شاہ

54

اسلام آباد،20اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ داسو، مہمند، دیامر، بھاشا اور بونجی ڈیمز کے منصوبے ملک میں انرجی کی ضروریات اور زراعت کی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اور ان ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر لا کر بجلی اور پانی  کی ضروریات کو جلد از جلد پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات ڈیمز کی تعمیر پر جائزہ کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں بھرے کے متعصبانہ رویے کو رد کرتے ہوے ہم نے ملکی مفاد کو اولیت دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی خود انحصاری کا دارومدار زراعت پر ہے اور زراعت کی ترقی کا انحصار ڈیمز پر ہے۔ اس لئے ان منصوبوں کی جلد اور معیاری تعمیر میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 خورشید شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ جن ڈیموں کو سیلاب کی وجہ سے نقصان ہوا ہے ان ڈیمز کی بحالی کیلئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور متعلقہ افسران دور دراز دفاتر کی بجائے ڈیمز پر اپنی خدمات سر انجام دیں اور ڈیمز کی تعمیر میں موسمیاتی تبدیلی کو پیش نظر رکھ کر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر ڈیموں پر کام کا جائزہ لینے کیلئے نگرانی کا نظام وضع کیا جائے تاکہ کام کے معیار اور اسکی رفتار کمپرومائز نہ ہو۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام نے ڈیمز اور دیگر ترقیاتی کاموں میں ہمیشہ بھرپور تعاون پیش کیا ہے اور ڈیمز کی تعمیر سے ان علاقوں میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

  جائزہ کمیٹی میں اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر فیصل کریم کنڈی اور اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر محمد علی شاہ باچہ نے بھی شرکت کی۔