بچوں کی شخصیت بنانے میں اساتذہ کرام کا اہم کردار ہے؛ ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید

18

چنیوٹ ،22اکتوبر (ا ے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے کہا ہے کہ  بچوں کی شخصیت بنانے میں اساتذہ کرام کا اہم کردار ہے، جو بچے پڑھنے میں اچھے  ہیں ان پر خاص توجہ  کریں، آپکی محنت کی وجہ سے وہ بچے آگے نکل کر ایک مقام حاصل کر سکتے ہیں،آپ جو بچوں کی شخصیت بنا دیں گے اسکا اجرآپکو اللہ پاک دیں گے۔

 یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے گورنمنٹ ہائی سکول چنیوٹ کے دورے کے موقع پر سٹاف روم میں اساتذہ کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چنیوٹ کا اچانک دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ و دیگر سٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال کو چیک کیا، ڈپٹی کمشنرنے مختلف کلاس رومز میں طلباء سے انکی پڑھائی کے حوالے سے دریافت کیا، انہوں نے طلباء سے انکی ُپڑھائی کے معیار کو چیک کرنے کیلئے مختلف سوالات بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر سکول کے مختلف حصوں میں گئے اور پینے کے پانی، فلٹریشن پلانٹ کی صفائی، طالبات کے بیٹھنے، سیکیورٹی کے انتظامات سمیت دیگر امور کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے صفائی کی ابتر صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر بنانے کیلئے ہیڈ ٹیچر کو ہدایات جاری کیں۔

 آخر میں انہوں نے  سٹاف روم کا دورہ کیا اور تمام اساتذہ کرام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ قومیں بنانا آسان کام نہیں ہے اسکے لیے جہاد کرنا پڑتا ہے، ان میں شعور پیدا کرنا پڑتا ہے، اساتذہ کرام کا معاشرے میں بہت احترام ہے، ہم وہ سب ڈیلور نہیں کر پا رہے جو ہمیں بچوں کو کرنا چاہیے،خود سوچیں کہ آپ کی بچوں پر محنت کی وجہ سے انکا مستقبل روشن ہو سکتا ہے، اساتذہ کرام بچوں کو بھی اس حوالے سے سمجھائیں کہ صاف ستھرا یونیفارم پہنیں۔ صاف ستھرے جوتے پہنیں اور اپنے کلاس روم کو بھی صاف ستھرا رکھیں،ماحول تب ہی خوشگوار ہو گا جب آپ کا ادارہ صاف ستھرا ہوگا۔ تمام اساتذہ کرام نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دلایا کہ وہ بچوں پر بھرپور محنت کریں گے۔