وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا

29

لاہور،22اکتوبر ( اے پی پی):وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی پنجاب نے  عوام کومعیاری خوراک دینے کیلئے  55 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں پر مشتمل  موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ آفس میں موبائل فوڈ لیبز اینڈ بائیک سکواڈ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے موبائل فوڈ لیبز و چیکنگ سکواڈ میں شامل گاڑیوں اور بائیکس کا معائنہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موبائل فوڈ لیبز کے ذریعے خوراک کے معیار کو بہتر رکھنے میں مدد ملے گی،موبائل فوڈ لیب کے ذریعے دودھ، مصالحہ جات، کاربونیٹیڈ ڈرنکس،پانی، آئل اور دیگر اشیاء کے معیار کی فوری جانچ سے موقع پر ہی نتائج اور کارروائی ممکن ہو گی،موبائل فوڈ لیب کے ذریعے خوراک میں ملاوٹ کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موبائل فوڈ لیبز کا آغاز خوش آئند ہے،ناقص خوراک 200سے زائد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے،  ناقص اور آلودہ خوراک کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بارے میں شعور و آگاہی ضروری امر بن چکی ہے۔،فظان صحت کے قوانین کی خلاف ورزی اور معیار کو جانچنے  کیلئے جدید مشینری  ہونا بیحد ضروری ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ابتدائی طور پر سرگودھا،گوجرانوالہ،ساہیوال،فیصل آباد اور ملتان میں موبائل فوڈ لیب پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔اس پراجیکٹ کو مرحلہ وار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گی، موٹربائیک سکواڈ کے ذریعے گلی محلوں میں اشیاء خوردونوش کی چیکنگ ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ کو موبائل فوڈ لیبز اینڈ بائیک سکواڈکے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ،صوبائی مشیریوسف بادوزئی،اراکین اسمبلی گلریز افضل چن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی علی رضا خاکوانی، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔