ملتان، 27 اکتوبر (اے پی پی ):سٹیٹ بینک کے زیراہتمام جاری انٹر بینکس گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2022ء کی فیصلہ کن گھڑی آن پہنچی، ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کل ( 28اکتوبر) کو سپورٹس کمپلیکس کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے، فائنل ڈے کی مناسبت سے ایونٹ کی سنہری رنگت والی چمکتی دمکتی ہوئی چیمپئن اور رنر اپ ٹرافیاں گراؤنڈ میں سجا دی گئی ہیں ۔
ٹرافیوں کی تقریب رونمائی سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں چیف منیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال مارتھ اور مختلف بینکس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ چیف منیجر جاوید اقبال مارتھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایونٹ کا مقصد بینکس سٹاف کو پیشہ وارانہ دفتری معمولات کے ماحول سے باہر کھیل کے میدان پر صحتمندانہ سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر بینکس گولڈ کپ کرکٹ کے ذریعے مختلف بینکس کے مابین رواداری اور ہم آہنگی کے مثبت تعلق کو مزید فروغ ملا ہے۔
دریں اثناء جمعرات کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچز میں بینک آف پنجاب نے بینک الفلاح کو ہرادیا ۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں موبلنک مائیکرو فنانس بینک نے نیشنل سیونگز کو شکست دی۔تیسرے کوارٹر فائنل میں بینک الحبیب نے ایم سی بی کو زیر کرلیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ایچ بی ایل مائیکرو فنانس نے ایچ بی ایل کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔











