رحیم یار خان،31اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عبداللطیف خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللطیف خان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ہدایت کی کہ ضلعی بھر میں اشیاء خوردونوش کے نئے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں اور گرانفروشی کے سدباب کے لئے متحرک کردار ادا کریں تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عماد احمد جتوئی نے اشیاء روزمرّہ کی قیمتوں ، طلب و رسد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی نئی قیمتیں مقرر کی گئیں جن میں چاول باسمتی228 روپے فی کلو گرام، چاول اری 80 روپے فی کلو گرام،دال چنا باریک 200 روپے فی کلو‘ دال چنا موٹی 210 روپے فی کلو،دال مسور موٹی210 روپے فی کلو،دال ماش 330 روپے فی کلو گرام، دال مونگ 215 روپے فی کلو گرام، سفید چنا باریک 250 روپے،سفید چنا موٹا 280 ، بیسن 215 روپے فی کلو گرام‘ چینی بمطابق گورنمنٹ پالیسی‘ روٹی تندوری 100 گرام 10 روپے، سادہ نان 100 گرام 13 روپے، گوشت چھوٹا 1000 روپے فی کلو، گوشت بڑا 500 روپے فی کلو، دودھ کھلا فی لٹر 100 روپے، دہی 110 روپے فی کلو، گوشت برائلر، سبزی و فروٹ، انڈے فی درجن بمطابق نرخ نامہ مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ہونگے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) ریاست علی ،ڈی او انڈسٹریز عماد احمد جتوئی، صارفین کے نمائندہ شمیل مرزا ،انجمن تاجران کے عہدیداروں سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔











