ملتان، 02 نومبر (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے بارے متحرک ہے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ریونیو عوامی خدمت سروسز میں شرکت کی اور شہریوں کے پاس جا کر انکے مسائل سنے، موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی وژن کے تحت کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی کچہری میں شرکت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ،عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جارہا ہے۔
کمشنر نے کہا کہ لینڈ ریونیو و دیگر سرکاری واجبات کی ریکوری بہتر کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریونیو معاملات و ریکوری، افسران کا بنیادی کام ہے، اس پر توجہ دیں۔
کمشنر نے کہا کہ افسران عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، ریونیو افسران پورے دن کی سروس ڈیلوری رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کو جمع کروانے کے پابند ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر ریونیو امیر حسن، اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق اور اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، سب رجسٹرار تحصیل آفس میں موجود تھے اور قانونگو، پٹواری عملہ لینڈ ریکارڈ بھی موجود تھا۔











