شہر اولیاء کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئےشاہراہوں اورگلی محلوں کے لئے الگ الگ ورک فورس قائم  کرنےکا پلان تیار،محمد فاروق ڈوگر

10

ملتان،02نومبر(اے پی پی):شہر اولیاء کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے نئی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور  شاہراہوں اورگلی محلوں کے لئے الگ الگ ورک فورس قائم  کرنےکا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔شہر سے متصل اربن یونین کونسلوں کی صفائی کے لئے بھی ورکرز کی الگ ٹیم مقرر کرنیکی تجویز تیار کرلی گئی ہے۔یہ بات سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  محمد فاروق ڈوگر نے معصوم شاہ روڈ پر جاری خصوصی صفائی آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صفائی کے بہترین نتائج کے لئے رہائشی اور شاہراہوں و کمرشل علاقوں کےلئے ورکرز کی الگ ٹیمیں قائم  کی جائیں،پیپر ورک کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی کے لئے 900 ورکز جبکہ شہر سے متصل اربن علاقوں کی صفائی کے لئے 600 ورکرز پر مشتمل ورک فورس کی ضرورت ہے اور کہاکہ پلان پر عملدرآمد بورڈ آف ڈائریکٹز کی منظوری اور نئی افرادی قوت کی بھرتی سے مشروط ہے۔

محمد فاروق ڈوگر نے معصوم شاہ روڈ پر جاری خصوصی صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔خصوصی صفائی آپریشن کے دوران دولت گیٹ سے چوک کمہارنوالہ تک شاہراہ کو چمکا دیا گیا ہے اور تمام ویسٹ اور ملبہ اٹھا لیا گیا ہے جبکہ  معصوم شاہ روڈ سے متصل رہائشی علاقوں میں بھی بھرپور صفائی ستھرائی کردی گئی ہے۔