ملتان ؛ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنرل بس سٹینڈ پر میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا

17

ملتان، 03 نومبر (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنرل بس سٹینڈ پر میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز،ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو،ایم این اے ملک عامر ڈوگر اور ایم پی اے زین قریشی نے منصوبوں کا افتتاح کیا اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری طارق زمان گجر  نے تقریب میں  خصوصی شرکت کی۔

 ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ  22 کروڑ روپے کی لاگت سے جنرل بس سٹینڈ پر سیوریج اور روڈز کے منصوبے مکمل ہونگے  اور  5 کروڑ سے زائد کی لاگت سے بس سٹینڈز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پر احساس دستر خوان کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

ایم پی اے زین قریشی نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ کی خوبصورتی سے مسافروں کے دلوں میں ہماری عزت میں اضافہ ہوگا اور  سیوریج اور شیڈز کی تکمیل سے شہریوں کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی چوک سے موٹر وے انٹرچینج تک روڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔

ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ترقی کا سفر بھرپور انداز میں جاری ہے اور   ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں۔