کوئٹہ،21 نومبر(اے پی پی): کراچی میں متعین جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیجر لوٹس نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی عالمی چیلنج ہے جس پر مشترکہ کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور جرمنی کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے جرمنی دوروں کا اہتمام کرائیں گے، ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں، امید ہے آئندہ تین چار سال میں بزنس کے اچھے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب عبدالخالق رند و سئنیر صحافی بھی موجود تھے۔
جرمن قونصلر نے کہا کہ تعیناتی کے بعد بلوچستان کا پہلا دورہ ہے، آئندہ دو دنوں میں بلوچستان میں مزید مقامات کا بھی دورہ کریں گے جبکہ جرمن ثقافت سے متعلق بلوچستان میں نمائش کا انعقاد کریں گے۔ جرمن قونصلر جنرل نے کہا کہ سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے جو بلوچستان میں انفراسٹرکچر بہتر بنائے گا، بلا شبہ جرمن بزنس کو بلوچستان میں بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے ۔











