الیکشن کمیشن سیالکوٹ بھی 7دسمبر کو نیشنل ووٹر ڈے منائے گا، خلیل قیصرانی

31

سیالکوٹ،29نومبر  (اے پی پی):ضلعی الیکشن کمشنر سیالکوٹ محمد خلیل قیصرانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک بھر میں  ہر سال  7 دسمبر کو نیشنل ووٹر ڈے کے طور پر مناتا ہے ، اس سال بھی 7 دسمبر کو نیشنل ووٹر ڈے منایا جائے گا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان  اس دن کو مرکزی ، صوبائی اور ضلعی سطح پر منائے گا ۔ منگل کو ’’اے پی پی‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس دن کے منانے کا مقصد ووٹر کی آگاہی، اس کی اہمیت اور اس کی رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 7 دسمبر کو  اس حوالے سے مختلف سیمینارز منعقد کیے جائیں گے اور ووٹرز کو آگاہی فراہم کی جائےگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے سیالکوٹ کے ضلعی الیکشن کمیشن نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے لیے  گورنمنٹ  مرے کالج  سیالکوٹ کے ہال میں 7 دسمبر کو ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا، اس سیمینار میں مقامی  سیاستدانوں سمیت ضلعی انتظامیہ  ،  محکمہ تعلیم، سول سوسائٹی کی تنظیموں  اور  صحافی حضرات کو مدعو کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، انتخابات میں ووٹر لسٹیں کافی اہمیت کی حامل ہیں جنہیں ہم حتمی شکل دے چکے ہیں اور ہماری ووٹر لسٹیں مکمل تیار ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی ووٹر کا نام  کسی وجہ سے ووٹر لسٹوں میں ابھی تک درج نہیں ہوا تو اسکے لیے سیالکوٹ کے ضلعی الیکشن کمیشن دفتر میں ون ونڈو سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں بھی اس حوالے سے  فارم وصولی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں  جا کر عوام اپنے ووٹ کا اندراج کرا سکتے ہیں ۔ ضلعی الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ عوام  الیکشن کمیشن کے  ہیلپ لائن نمبر 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر بھی اپنے ووٹ کے بارے معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور اگر آپ کا ووٹ غلطی سے کسی اور جگہ چلا گیا ہے تو اسے فوری طور پر درست کروائیں ۔ انہوں نے سیالکوٹ کے  عوام سے گزارش کی کہ اپنے درست ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں آپ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے بہتر نمائندے کو منتخب کر سکیں۔