خیرپور۔29نومبر(اے پی پی): آئی بی اے کمیونٹی کالج میں ”جمہوری عمل میں ووٹ کے کردار“کے عنوا ن پر آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ جس کا مقصد نوجوان طلبہ و طالبات میں ووٹ کے اندراج، اہمیت،افادیت اور انتخابی عمل کو مضبوط کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف اور الیکشن آفیسر سائرہ پروین نے کہا کہ ملک میں صاف شفاف انتخاب عمل میں مرد و خواتین، خواجا سرا، معذور، معاشرتی زندگی سے وابستہ نمائندوں، اقلیت اور دیگر کی شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے معاشرے کی مضبوط بنیاد میں نوجوان ووٹرز کی شرکت لازمی ہے جس سے مضبوط جمہوریت اور جمہوری اقدارکو فروغ ملتا ہے پاکستان کے تمام ووٹرز اپنا آئینی حق استعما ل کریں اور قومی فریضہ ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس خیرپور میں ون ونڈو سینٹر فعالیت کے ساتھ کام کررہا ہے اس سینٹر میں تمام ووٹرز اپنے ووت کی معلومات اور دیگر امور پر نظر ثانی کرسکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں آٹھوں تعلقوں میں 18 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر مقرر کیے گئے ہیں ان دفاتر میں متعلقہ علاقوں کی ووٹر فہرستیں بھی رکھی گئیں ہیں تاکہ ہر ووٹر اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرسکے اور جن افراد کا ووٹ داخل نہیں ہے ان کے ووٹ کے اندراج، درستگی، فوت ہوجانے والوں کے ناموں کے اخراج میں مدد مل سکے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے یہ عمل انتخابی شیڈول کے اعلان ہونے تک جاری رہے گا جبکہ ہر ووٹر اپنے ووٹ کی معلومات کے لیے 8300 پراپنے موبائل فون سے پیغام بھیج کر معلومات حاصل کرسکتا ہے۔











