حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے  ، منگلا ڈیم   منصوبہ پاک امریکا  تعلقات  کی بہترین مثال ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کا منگلا میں خطاب

16

منگلا۔5دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے کیونکہ  پاکستان مہنگی توانائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، دوست ممالک کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں ، منگلا ڈیم کا منصوبہ پاک امریکا  تعلقات  کی بہترین مثال ہے ، یہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا بہترین وقت ہے ، ملک میں تعمیر و ترقی  نعروں اور دھرنوں سے نہیں سیاسی استحکام سے آئے گی، حالات اتنے مشکل ہیں کہ اگر بتائوں تو رونگٹے کھڑے ہوجائیں، مخلوط حکومت ملک کو درپیش مشکل ترین چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری تندہی سے کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو منگلا ڈیم کے  یونٹ 5 اور6 کی ریفربشمنٹ کی  افتتاحی تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ منگلا ڈیم کا منصوبہ پاک امریکا  تعلقات کی بہترین مثال ہے،  اس کی بنیاد صدر ایوب کے دورمیں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کلین ، گرین اور سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، اس ڈیم کا ہماری معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ہے ، اس کی مرمت ، اپ گریڈیشن اور ریفربشمنٹ کی ضرورت تھی جس کے لئے یو ایس ایڈ  نے 150ملین ڈالر دیئے  اور فرانس نے 90 ملین یوروکا قرضہ فراہم کیا جبکہ 65ملین یورومزید فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے، یہ 483 ملین ڈالرکا منصوبہ ہے جو  شراکت داری کا بہترین مظہر ہے۔ وزیراعظم نے تربیلا ڈیم کیلئے  تعاون کے اعلان  پربھی  امریکی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ  پاک امریکا  تعلقات  کا دائرہ کار تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں بڑھانے کا یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے جنرل الیکٹرک ہائیڈرو فرانس  کا بھی شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ایل این پاور پراجیکٹس کے حوالے سے بھی ان کا اہم کردار رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث فخر ہے،سستی بجلی پاکستان کی ضرورت ہے اورحکومت اس سلسلے میں ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ واپڈا نے بھی اس منصوبہ پر 175 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی ہے جس پر واپڈا حکام لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج مشکل ترین چیلنجز سے نبرد آزما ہے، مخلوط حکومت پوری تندہی اور لگن سے ملک کو درپیش مشکل چیلنجز کا مقابلہ کررہی ہے، چند روز قبل ایک ارب ڈالر کے بانڈ کے حوالے سے قسم قسم کے تبصرے کئے جارہے تھے ، ہم نے اس کی ادائیگی کا انتظام کیا ہے۔