ہنگو، 07 دسمبر(اے پی پی):ووٹر ڈے کے حوالے سے ڈگری کالج مردانہ ہنگو میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکشن کمشنر اصغر خان، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفئیر بلال آفریدی، پروفیسر وارث خان، سینئر صحافی اسرار احمد اورکزئی، کالج کے طلباء اور علاقہ عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے تقاریر کے ذریعے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن آفیسر اصغر خان، سنئیر صحافی اسرار احمد اورکزئی، پروفیسر وارث و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ایک امانت اور قومی فریضہ ہے جوانتخابی عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ووٹ کے استعمال سے عوامی نمائندے منتخب ہوتے ہیں اور اس کے ذریعے جمہوری حکومتیں بنتی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ووٹ ایک ایسی طاقت ہے جس سے جمہوریت کو استحکام ملتی ہے اور کہا کہ ووٹ کی طاقت سے ملکی ترقی و استحکام میں مدد ملے گی۔
الیکشن آفیسر اصغر خان نے ووٹ کے اندراج اور استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ووٹر قانون کے مطابق قومی شناختی کارڈ کے پتہ پر ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں اور اپنے گھر، خاندان، اور اہل محلہ کو بھی اس سے روشناس کرائیں۔ بعد ازاں تقریب کے اختتام پر ووٹر ڈے کے مناسبت سے آگاہی واک کا انعقادبھی کیا گیا۔











