خوشاب،11دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت قانون و انصاف سینیٹر ملک شہادت اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کی فلاح وبہبوداور پیشہ وارانہ فرائض کی آزادانہ ادائیگی کے دوران تحفظ کیلئے قانون سازی کا ارادہ رکھتی ہے۔
وہ جوھرآباد میں ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب خوشاب کے تحت تیسری سالانہ تقریب تقسیم ایوارڈ اور حلف برداری کے موقع پر بطور مہما ن خصوصی خطاب کررہےتھے۔ وزیر مملکت نےکہا کہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں خبر تک فوری رسائی کوئی مشکل نہیں رہی ہے، موجودہ وفاقی حکومت میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وزیر مملکت برائے قانون ملک شہادت اعوان نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے علاقے کے مسائل بہتر انداز میں حل ہوتے ہیں اور عام آدمی کی آواز بھی ایوانوں تک پہنچتی ہے، میڈیا کا کردار آج کی ضرورت بھی ہے۔انہں نے کہا کہ ایسے پروگرام منعقد ہونے سے صحافیوں اور ٹی وی چینلز پر کام کرنے والے لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
تقریب میں ٹی وی آرٹسٹ، صحافی برادری، وکلاء اور سیاسی و سماجی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب خوشاب کی جانب سے ضلع میں بہترین خدمات انجام دینے والے اور پاکستان کا مختلف شعبوں میں نام روشن کرنے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ریڈیو اور ٹی وی پر کام کرنے والے آرٹسٹوں کو بھی بہترین پرفارمنس پر ایوارڈز دیئے گئے۔ ایسوسیٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے نمائندہ ملک ممتازجاوید کو سال کے بہترین صحافی کا ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے قانون ملک شہادت اعوان نے ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا اور انہیں مبارکبادبھی پیش کی۔ وزیر مملکت نے پروگرام کے آرگنائزر رانا ظہیر ساجد صدر ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کو کامیاب پروگرام آرگنائزر کرنے پر مباکباد دی۔











