ہم 6 وکٹیں لے کر ملتان  میچ اور ٹیسٹ سیریز جیتنے بارے پرامید ہیں ؛مارکوس ٹریسکوتھک

31

ملتان،11دسمبر  (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مارکوس ٹریسکوتھک نے کہا ہے کہ ٹیم پرامید ہے کہ ہم 6 وکٹیں لے کر میچ اور ٹیسٹ سیریز جیت لیں گےتاہم انہوں نے ملتان ٹیسٹ میں پاکستان اور انگلینڈ کی  کامیابی کے امکان کو ففٹی ففٹی قرار دے دیا۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پرملتان کرکٹ سٹیڈیم کے میڈیا سنٹر میں گفتگو کرتے ہوئے انگلش اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ کے تینوں دن کے کھیل کا پہلا سیشن باؤلرز کے لئے کافی مددگار رہاہے،ہم میدان میں جیت کے لیے اتریں گے اور صبح کے سیشن کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جیمزاینڈریسن اس عمر میں بھی بہت اچھا پرفارم کر رہا ہے اور اپنی کلاس شو کر رہا ہے،اینڈرسن ینگ پیلئرز کے لیے رول ماڈل ہیں۔

ٹریسکوتھک جو کہ 17 برس قبل پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میچ کھیلنے والی انگلش ٹیم کے کپتان تھے انہوں نے آج اور 17برس پرانی ملتان ٹیسٹ کی پچ کے رویہ کو مختلف قرار دیا اور کہا موجودہ ٹیسٹ میچ کی پچ ٹیسٹ کرکٹ کے لحاظ سے زیادہ موثر لگ رہی ہے،پچ پر اب گیند سپین اور ریورس سوئنگ ہو رہی ہے۔