ملتان،19دسمبر(اے پی پی): کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ساتویں خانہ و مردم شماری کے تربیتی سیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا پہلی پیپر لیس مردم شماری میں جیوٹیگنگ شامل ہے،جدید دور میں ٹیکنالوجی کی کلیدی کردار سے انکار ممکن نہیں اور کہا مردم شماری کو ملک کی منصوبہ بندی کیلئے اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا شمارکنندگان، جواب دہندگان کے درمیان تعاون کامیاب مردم شماری کیلئے ناگزیر ہے،شمار کنندگان قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور کہا کہ ملکی آبادی کی مستقبل کی ضروریات بارے مردم شماری کا کلیدی کردار ہے۔
ماسٹر ٹرینر عمر بشیر نے کہا کہ یکم فروری 2023 سے خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیا جائے گا،7ویں خانہ و مردم شماری پر 34 ارب روپے لاگت آئے گی اور کہا 15جنوری سے ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز کیا جائے گا جو 30 جنوری تک جاری رہے گی۔
عمر بشیر نے کہا کہ ہر شہری پورٹل پر ڈیجیٹل مردم شماری میں از خود اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کر سکے گا،ڈویژنل خانہ و مردم شماری کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جاچکی ہے۔ ڈویژنل کمشنر چیئرمین،آر پی او، ڈی سی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ممبران اور ڈائریکٹر ایجوکیشن سکول،این جی او سے خاتون نمائندہ ممبران ہیں اور پاکستان بیورو شماریات کا نمائندہ بھی کمیٹی کا رکن ہوگا اور کہا معلومات فراہم کرنے سے انکار یا غلط معلومات فراہم کرنے پر قانونی کاروائی ہوگی۔











