ملتان :پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام تین روزہ سالانہ گلِ داؤدی فیسٹیول کا  آغاز

10

ملتان 20, دسمبر (اے پی پی ): پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام تین روزہ سالانہ گلِ داؤدی کی نمائش کا آغاز 23دسمبر بروز جمعہ سے ہوگا۔قلعہ کہنہ قاسم باغ ابنِ قاسم پارک میں پھولوں کے سٹالز کی تیاری جاری ہے۔تین روزہ فیسٹیول میں خواتین و بچوں کے لئے بہترین تفریح کا سامان ہو گا۔مسیحی برادری کے لئے 25دسمبر تک نمائش کو جاری رکھا جائے گا۔پارک سے ملحقہ کینٹینز میں حفظان ِصحت کے اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھاجائے گا اور گندگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے گل داؤدی کی نمایش تیاریوں کا جایزہ لینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اسامہ، ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ڈی جی پی ایچ اے نے کینٹینز اور پارک سے ملحقہ پلاٹس کی صفائی اور پودوں کی تراش خراش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پودوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کینٹین پر موجود کھانے پینے کی اشیاء کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ گلِ داؤدی کی نمائش کی تیاریاں بھر پور انداز سے جاری ہیں۔ اس موسم سرما میں شہریوں کو بہترین تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔گلِ داؤدی کی نمائش کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔