سیالکوٹ؛گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں سموگ کے مضر اثرات سے بچائو بارے آگاہی واک کا انعقاد

21

سیالکوٹ،22دسمبر(اے پی پی): گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں سموگ کے مضر اثرات سے بچائو کے لیے حفاظتی تدابیر بارے آگاہی واک منعقد ہوئی، جس  میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت  کی۔ واک کا مقصد شہریوں کو سموگ سے پھیلنے والی پھیپھڑوں اور آنکھوں کی بیماریوں سے آگاہ کرنا اور ان کا تدارک کرنا تھا۔

اس موقع پر ناک ،کان، گلا  کے ماہر ڈاکٹر جہانگیر نے کہا کہ سموگ سے نہ صرف  پھیپھڑوں کی بیماریاں جنم لیتی ہیں بلکہ یہ نمونیا کا باعث بھی بنتی ہے۔سیالکوٹ کاصنعتی دھواں فضائی آلودگی کا باعث بنتا ہے،جو انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ  ہے،اس سے پھیپھڑوں ،آنکھوں اور الرجی جیسی بیماریاں پھیلتی ہیں۔

ماہر امراض چشم ڈاکٹر شاہد دیال نے کہا کہ فضائی آلودگی کے باعث آنکھوں کی بیماریاں اور جلدی امراض بھی جنم لے سکتی ہیں۔

واک سے خطاب کرتے ہو ئے ماہرین طب کا کہنا تھا کہ لاہور ریجن میں سموگ کے برے اثرات ہیں،اس سے بچاؤ کے لئے شہریوں کو ماسک کے استعمال  کے ساتھ چشمے کا استعمال بھی کرنا چاہیے ،شہری اپنے گھروں کو واپسی کے موقع پر  اپنے ہاتھوں اور چہروں کو پانی سے  دھوئیں، سانس کی خرابی یا آنکھوں کی الرجی کی صورت میں اپنے معالج سے رجوع کریں۔