ملتان؛سرکاری  آٹے  کوٹے  میں بے ضابطگیوں پر 3 ماہ میں 204 فلور ملز کو شوکاز نوٹسز جاری

7

 

ملتان،02جنوری(اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے کہا ہے کہ3 ماہ میں 204 فلور ملز کو شوکاز نوٹس دیئے گئے ہیں اور آٹے کی خرد برد پر64 لاکھ41 ہزار7سو78 روپے جرمانہ،4 ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں جبکہ 40 فلور ملز کا کوٹہ معطل،9 فلور ملز کا لائسنس منسوخ کیا گیا ہے اور 45لاکھ46ہزار853 روپے ریکور کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ فوڈ ملتان ڈویژن کی سہہ ماہی رپورٹ  کے موقع پر کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے کہا کہ   کمشنر ملتان کا کوٹے کے مطابق آٹاسپلائی نا کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کاحکم ہےاور بے ضابطگیوں میں ملوث فلور ملز کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

ڈی ڈی فوڈ نے کہا کہ سیکرٹری فوڈ نادر چٹھہ کی ہدایت پر گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور ڈویژن میں موٹر وے پر 9 چیک پوسٹ، ضلعی باؤنڈری پر 25 چیک پوانٹس بنائے گئے ہیں جبکہ گندم ذخیرہ اندوز کرنے والے گودام پر چھاپہ مار کر 112 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی ہے اور گندم سمگلنگ کیخلاف 5 مقدمات درج،195.9 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے کہا کہ  9 گاڑیاں ضبط کرکے 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے اور کہا ڈویژن میں روزانہ 112 ملز کو کوٹے کےمطابق گندم فراہم کی جارہی ہے۔انہوں  نے کہا ڈویژن میں آٹے کے 1649 آٹا فروخت پوانٹس مختص کئے گئے ہیں،آٹے کی کوئی قلت نہیں، گندم کا وافر سٹاک موجود ہے۔