نوشہرہ ورکاں،03 جنوری ( اے پی پی):سابق ممبر قومی اسمبلی حاجی مدثر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور اقتدار میں جھوٹے دعووں کے سوا عوام کو کچھ نہیں ملا، پنجاب کل بھی میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا تھا آج بھی عوام انہی کو یاد کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی اظہر قیوم کے بڑے بھائی سابق ایم این اے حاجی مدثر نے نواحی گاؤں دھیڑ ورکاں میں ترقیاتی سکیموں کے لیے 35 لاکھ روپے فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانیے پر کہ انکے خلاف سازش ہوئی اور انکی حکومت ختم کی گئی ہے کے حوالہ سے انکا کہنا تھا کہ سازش 2017 میں ہوئی تھی جب پانامہ سے اقامہ نکال کر مسلم لیگ ن کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی تھی اور میاں نواز شریف کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
عمران خاں کے بار بار الیکشن کرانے کے بیانیے پر انکا کہنا تھا کہ انتخابات موجودہ حکومت میں شامل تمام پارٹیوں کی مشاورت سے ہونگے اور عمران خاں کا یہ شوق بھی پورا کر دیں گے۔انکا مزید کہنا تھا کہ این اے 75 کے لیے انہیں وفاق سے جو فنڈ ملا ہے اسے پورے حلقہ میں بنیادی ضرورتوں پر صرف کیا جائے گا ،علاقہ کی مختلف سکیموں پر کام جاری ہے اور حکومت کے مشکل وقت میں پہیہ چل پڑا ہے۔











