پنجاب حکومت نے فیملی پلاننگ اختیار کرنے والے خاندانوں کو خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے؛ چودھری پرویز الہی

55

لاہور،4جنوری(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی  نے کہاکہ پنجاب حکومت نے فیملی پلاننگ اختیار کرنے والے خاندانوں کو خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے کنٹری نمائندہ ڈاکٹر لوئے شبانا نے بدھ کو یہاں   وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی، جس میں پاپولیشن ویلفیئر خصوصا فیملی پلاننگ کے لئے  باہمی اشتراک کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے  کہاکہ  مربوط اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی فیملی پلاننگ کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں اور دیہات کے ساتھ شہروں کے پسماندہ علاقوں میں بھی لوگوں کو فیملی پلاننگ کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے گا۔ فیملی ہیلتھ کلینکس اور فلاحی مراکز کو مزید فعال کیا جائے گا اور فیملی پلاننگ کے اقدامات کی تحصیل اور ضلع کی سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیملی پلاننگ اختیار کرنے والے خاندانوں کو خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔خصوصی پیکیج پنجاب احساس پروگرام کے تحت دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے ساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل کرہ ارض پر انسانی بقا کے لئے خطرہ ہیں۔ آبادی میں بے ہنگم اضافہ صحت، تعلیم، ماحول اور روزگارکے مسائل بڑھاتا ہے۔ آبادی سے متعلقہ مسائل پر قابو پانے کے لئے حکومتی کاوشوں کے ساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ آبادی پر قابو پا کر عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ سماج میں بہبود آبادی کا شعور بیدار کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر لوئے شبانا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی قیادت میں پنجاب حکومت پاپولیشن ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعلی چودھری پرویز الہی کے پاپولیشن ویلفیئر کیلئے پروگرامز کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔پاپولیشن ویلفیئر کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی اشتراک سے مزید کام جاری رکھیں گے۔

 چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر سلمان اعجاز، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد، ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر ثمن رائے، پروگرام اینڈ ٹیکنیکل سپیشلسٹ شعیب احمد شہزاد، ٹیکنیکل سپیشلسٹ جینڈرثانیہ درانی ا ور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔