جاری  ترقیاتی منصوبوں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی؛ایم ڈی واسا ملتان جواد کلیم اللہ

22

ملتان،05 جنوری(اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے کہا کہ جاری  ترقیاتی منصوبوں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام جاری منصوبوں میں کوالٹی آف ورک،شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار شہر کے مختلف علاقوں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس دوران  افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو  بہتر فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے، واسا کے زیر انتظام سیوریج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کر کے ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایم ڈی اے چوک تا رضا آباد  اور ٹی بی ہسپتال روڈ کی تعمیر کے کاموں کو مزید تیز کر کے واٹر باؤنڈ کاعمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے  جبکہ زکریا ٹاؤن، آفیسرز کالونی، گلی حاجی بوٹے والی میں سیوریج کے کاموں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ کو آفیسرز کالونی سیوریج منصوبے سے متعلق بتایا گیا  کہ 48انچ قطر کی کل اٹھائیس سو پچاس  فٹ سیوریج لائن کے کام میں سے صرف 14 پائپ لگنے کا کام باقی ہے۔

 زکریا ٹاؤن  سیوریج منصوبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا  کہ بھبکاچوک سے طارق آباد،چاہ چدھڑ والا،کھرل چوک اور زکریا ٹاؤن میں سیوریج منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جس پر ایم ڈی واسا نے ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے نواب پور روڈ پر فورس مین پائپ لائن اور حاجی بوٹا والی گلی میں سیوریج منصوبے کا بھی دورہ کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی جبکہ سیوریج افسران کو منصوبوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ۔

ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ رائے محمد ساجد ،حافظ محمد وقاص، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فضل الرحمان،مہر ممتاز و دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔