بستی بہرام خان لغاری میں  پر اسرار  بیماری میں  مبتلا مریضوں  میں  جانوروں کے مختلف بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ؛ سیکریٹری ہیلتھ محمد اقبال

24

رحیم یار خان،09 جنوری (اے پی پی ):سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب محمد اقبال  نے  کہا ہے کہ  بستی بہرام خان لغاری  میں وفات   11 افراد  اور دیگر بیمار افراد   میں ابتدائی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق جانوروں کے مختلف بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، مزید تصدیق کے لیے کمیونٹی، جانوروں اور مختلف جگہوں کے نمونہ جات نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد اور دیگر اداروں کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔

سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے نواحی بستی بہرام خان لغاری کا دورہ کیا  اور گردن توڑ بخار  سے ایک ہفتہ میں 11 افراد کی وفات پر سوگوارخاندانوں سے افسوس کا  اظہار کیا اور وفات پانے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

 سیکریٹری نے بستی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی رحیم یار خان کی طرف سے لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔سی ای او ہیلتھ رحیم یارخان ڈاکٹر غلام حسن نے انہیں  میڈیکل کیمپ میں فراہم کردہ سہولیات کے بارے بریفنگ دی۔سیکریٹری نے وہاں اسٹاف کی حاضری ادویات کی فراہمی اور سکریننگ کے عمل بارے بھی استفسار کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے  بتایا کہ  متوفی افراد میں زہر دیئے جانے کی افواہوں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے، تجزیاتی رپورٹس میں کسی قسم کے زہر کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے ہیں ۔