گھوٹکی؛ کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس کو بروقت اطلاع پر حادثے سے بچا لیا گیا

49

گھوٹکی،15 جنوری (اے پی پی ):کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس کو دیہاتی کی بروقت اطلاع نے بڑے حادثے سے بچا لیا، ٹرین کو لال جھنڈی دکھا کر روک لیا گیا۔

 ڈہرکی اور ریتی کے درمیان اپ ٹریک کا ڈیڈھ فٹ کا ٹکڑا ٹوٹا ہوا تھا جسے دیہاتی نے دیکھ کر پھاٹک پر تعینات ملازم کو اطلاع دی۔ ملازم نے مذکورہ مقام سے آگے بھاگ کر لال جھنڈی دکھا کر ٹرین کو روک دیا۔ اطلاع کے بعد ریلوے ٹریک کا مرمتی عملہ مذکورہ مقام پر پہنچ گیا اور ٹریک کی بحالی کا مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے۔

ٹرین کو ڈہرکی اور ریتی کے درمیان گاؤں بندو خان شر کے مقام پر روکا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ریتی کے مقام پر مسافر ٹرینیں ٹکرانے کا المناک واقعہ پیش آچکا ہے جس میں درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔