جلال پور پیر والہ،15 جنوری (اے پی پی ): بار ایسوسی ایشن جلال پور پیر والہ کے سالانہ انتخابات میں منور خان لنگاہ واضح اکثریت سے صدر اور جام عبدالمجید درگ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں، صدارت کی نشست کے لیے منور خان لنگاہ نے 116، خادم حسین بلوچ نے 88 اور چوہدری مشتاق چوہان نے 16 ووٹ حاصل کیے اس طرح منور خان لنگاہ 28 ووٹوں کی واضح برتری سے صدر بار منتخب ہو گئے ہیں ۔
جنرل سیکرٹری کی نشست پر جام عبدالمجید درگ کو 130 ، خالد محمود گھلو کو 89 اور سعید احمد نوناری کو 3 ووٹ ملے، جام عبدالمجید 41 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
چیئرمین الیکشن بورڈ اقبال جاوید کچالہ نے پولنگ کے بعد گنتی کا عمل مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کیا، بار میں گزشتہ چند سالوں سے ناقابل شکست جام اللہ بخش گروپ کا پینل اس بار کامیابی سے محروم رہا، انتخابی نتائج کے اعلان پر منور لنگاہ اور جام عبدالمجید کے حامیوں نے جشن منایا۔
بعد ازاں بار روم میں منعقدہ تقریب میں نومنتخب صدر بار منور لنگاہ نے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے بار میں اپنے گروپ لیڈر فیض رسول خان، ایم آر فخر بلوچ ، جام محمد سلیم ، راو عبدالجبار، چوہدری محمد اسلم اور دیگر وکلا کے ساتھ ساتھ ممبر صوبائی اسمبلی نغمہ مشتاق لانگ، سابق ایم این اے دیوان عاشق بخاری، دیوان محمد عباس بخاری، خورشید خان لنگاہ، کوثر خان لنگاہ، ندیم لنگاہ، عزیز رسول سندیلہ اور دیگر سیاسی شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بار مسائل کے حوالے سے انہوں نے کچہری کے سامنے لینڈ ریکارڈ سے متصل سرکاری اراضی کو وکلا کے چیمبر کے لیے حاصل کرنے کی کاوش کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے لیڈیز بار روم کی تعمیر اور وکلا کالونی کے قیام کی خاطر کاوشوں کا بھی اعلان کیا











