وفاقی محتسب کا بنیادی مقصد عوام الناس کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے، عبدالمجید راضی

9

لاہور۔24جنوری  (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس لاہور کے سینئر ایڈوائزر( انچارج) عبدالمجید راضی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ 24 جنوری1983کو اداروں کی بد انتظامی کی تشخیص ،تحقیق ،اصلاح اور عوام الناس کی شکایات کے ازالے کا ایک واضح اور طے شدہ مقصد سامنے رکھتے ہوئے صدراتی فرمان کے تحت قائم کیا گیا ، اس ادارے کا بنیادی مقصد اداروں یا اس کے ملازمین کے ہاتھوں انتظامی زیادتیوں ،امتیازی سلوک، استحصال، غفلت اور نااہلی کے خلاف عوام الناس کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ادارہ کے قیام کے 40 سال مکمل ہونے پر یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر معاشرے کے وہ پسے ہوئے لوگ جن کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی اور نہ ہی وہ عدالتوں اور وکلا کے بھاری اخراجات برداشت کر سکتے ہیں، سادہ کاغذ پرایک درخواست لکھ کر وفاقی محتسب کو بھجوائیں تو اس پر کارروائی شروع ہو جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاق کے تمام ادارے وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں ہیں،کچھ ادارے جیسا کہ سپریم کورٹ،ہائی کورٹ وفاقی محتسب کے دائر ہ اختیار میں نہیں آتے۔ اس موقع پر سینئر ایڈوائزر( انچارج) عبدالمجید راضی نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں2022 میں 1 لاکھ 64 ہزار کے قریب کمپلین  موصول ہوئیں جنہیں حل کیا گیا،ایک شکایت  کو 60 دن کے اندر حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی محتسب اعجاز احمدقریشی انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے ان فارمل ریزولوشن آف کمپلین کا قانون 2022 میں متعارف کروایا ہے،اس میں دونوں فریقین کو آمنے سامنے بیٹھا کر بات سنی جاتی ہے،  باہمی دلچسپی کے ذریعے معاملات کو حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پینشن کی شکایت،گیس کے مسائل،بجلی کے مسائل سمیت دیگر مسائل کو حل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اپنے آغاز سے لے کر آج تک 19لاکھ شکایات کنندگان کو مفت اور بروقت انصاف فراہم کر چکا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایڈمن ریاض حمید چوہدری، سینئر ایڈوائزر ثاقب علیم سمیت دیگر نے بھی وفاقی محتسب کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔