ایم ڈی بیت المال  عامر فدا پراچہ کا خواجہ سراؤں کیلئے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح

53

اسلام آباد،25جنوری  (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے خواجہ سراؤں کے لئے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا۔وزارتِ انسانی حقوق کے تعاون سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے کے تحت 10 خواجہ سرائوں  کو عارضی طور پر رات کے قیام، ناشتے اور رات کے کھانے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ترلائی میں شیلٹر ہوم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے محروم طبقے  کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے فرض سے بخوبی آشنا ہے اور اس سلسلے میں  عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدم تحفظ اور احساس ِ محرومی کے شکار خواجہ سراؤں کو ان کے جائز حقوق دیتے ہوئے ان میں زندگی کی امید اور خوشی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جسے پورا کرنے کے لئے وزارتِ انسانی حقوق کی پاکستان بیت المال کے ساتھ مشترکہ عملی اقدام انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔

ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا کہ یوں تو پاکستان بیت المال کی طرف سے مستحق اور نادار خواجہ سراؤں  کو علاج معالجے اور بحالی  کی سہولیات فراہم کی  جارہی ہیں مگروزارتِ انسانی حقوق کے تعاون سے  انہیں  عارضی رہائش اور کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی  نبھائی جارہی ہے۔انہوں نے  بتایا کہ پائلٹ فیز کے طور پر یہ منصوبہ ترلائی شیلٹر ہوم سے شروع کیا جارہا جس کی افادیت کے جائزے کے بعد اس کی وسعت میں اضافہ کیا جائے گا۔

تقریب میں وزارتِ انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل محمد ارشداور دیگر افسران بھی موجود تھے۔