لاہور۔31جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بغیر اطلاع پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ نگران وزیراعلی نے مختلف وارڈز کا دورہ اورمریضوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے مریضوں سے مصافحہ کیا او ران کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجہ کی فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ بعض مریضوں نے وزیراعلی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم مکمل صحت یاب اور گھر جانا چاہتے ہیں۔ یہاں ادویات ملتی ہیں لیکن گھر والے نہیں ملتے۔ مریضوں نے درخواست کی کہ ہمیں گھر بھجوا دیں،ہمیشہ آپ کے شکر گزار رہیں گے۔ نگران وزیراعلی نے ایم ایس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے کہا کہ صحت یاب مریضوں کو گھر بھجوانے کے لئے ہر سطح پر ضروری اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریبا250مریض صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن گھر والے انہیں لے کرنہیں جاتے اور بعض فیملیز نے اپنے گھر کے ایڈریس بھی غلط درج کرائے ہیں۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ خونی رشتوں نے بھی اپنے پیاروں کو اس ہسپتال میں اکیلا چھوڑا ہواہے۔انہوں نے بہت بوجھل دل کے ساتھ زیر علاج مریضوں کی آپ بیتیاں سنیں۔سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔