ملتان، 02 فروری(اےپی پی): ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن حماد حسن مرزا نے کہا ہے کہ مارگلہ سے کراچی تک چلنے والی گرین لائن ٹرین کا ملتان میں سٹاپ دینے پر ریلوے ہیڈ کوارٹر سوچ بچار کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان کے دورہ کے موقع پر ایوان کی مجلس عاملہ کے اراکین سے خطاب کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون 10ارب ڈالر کا پراجیکٹ ہے اور ریلوے کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے ریلوے جدید دور میں داخل ہوجائے گی یہ منصوبہ بعض وجوہات کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوا تاہم اب جلد ہی لالہ موسی اور راوالپنڈی کے قریب 60کلومیٹر کے ایریا میں جوکہ زیادہ تر ٹنل اور پہاڑی سلسلہ ہے پر کام شروع کرنے کا ٹینڈر عنقریب اخبارات میں شائع ہوگا۔ ایم ایل ون میں ٹرینوں کی رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ جس سے کراچی لاہور کاسفر 12گھنٹے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی وجہ سے ریلوے لائن کے دونوں اطراف باڑ لگا کر سفر کو محفوظ بنادیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سروس میں ٹرینوں کا وقت پر نہ پہنچنے کا مسئلہ حل کررہے ہیں۔ ملتان ڈویژن میں یہ تقریباً ختم ہوچکا ہے ملتان سے کراچی سروس میں اب یہ لگ بھگ 40منٹ رہ گیا ہے تاہم اس کی وجوہات میں ایک تو سسٹم کا پرانا ہونا دوسرے غیر متوقع حالات یا تکنیکی خرابی ہوتی ہے تاہم اب ریلوے ٹرینوں میں آنے والی خرابی کو دور کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی سسٹم شروع کردیاگیا ہے ملتان ڈویژنل آفس کے پاس 10ہزار افراد کی منظور شدہ افرادی قوت کے مقابلے میں صرف 6ہزار ملازمین کام کررہے ہیں پھر بھی ریلوے کی بہتری اور بہتر سروس مہیا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔











