موسیٰ خیل؛یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلی، شرکاء نے بھارت مخالف نعرے بازی کی

12

موسیٰ خیل،05 فروری (اے پی پی ):یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ژغ انقلاب تحریک کے زیر اہتمام  ریلی نکالی  گئی۔ریلی کی قیادت  ژغ انقلاب کے بانی حافظ امیر زمان نے کی۔ریلی کے شرکاء میں ہر مکتب فکر لوگ شریک تھے ۔ریلی کے شرکاء نے شہر کے مختلف روڈوں کا چکر لگایا۔شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ موجود تھے،جن  پر کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے حافظ امیر زمان ،لالا ناصر خان ،مولوی رمضان ہاشمی ،رحمت جان ،مولوی عبداللہ عادل ،زاکر خان،عبدالجبار غوری اور  دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارااٹوٹ انگ ہے،اقوام متحدہ استواب رائے کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت کشمیر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے،ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،کشمیر کی آزادی تک ہر ممکن جدوجہد کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کی کشمیری مظالم پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے،دنیا کو کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے لئے انکے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔