اسلام آباد،9فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وہ جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لونز سکیم کے حوالہ سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ لون سکیم کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں انٹر پرینیور شپ اور روزگار کے فروغ کے حوالہ سے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کے جذبے بلند ہیں ،وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اور نجی شعبوں کو ہم آہنگی میں کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ مل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کی لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ لون سکیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں انٹر پرینیور شپ کا فروغ اور ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ،اس سکیم کے ذریعے 2013 سے اب تک 54 ہزار افراد کو 73.55 ارب روپے کا قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ لون سکیم کے موجودہ پورٹل کا باقاعدہ آغاز 24 جنوری 2023 کو کیا گیا، اس سکیم کے تحت 18 سے 45 سال کے افراد 45 دنوں کے اندر آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکتے ہیں، اس سکیم میں 25 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 30 جون 2023 تک اس سکیم کے تحت 30 ارب روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اجلاس میں شریک بینکوں اور مائیکرو فنانس کے اداروں کے سربراہان نے پی ایم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے اور اس سلسلے میں تمام اہداف معینہ مدت تک پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے تمام تر آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی قائم کی جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات ، وفاقی سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ، بانی اخوت فاؤنڈیشن امجد ثاقب ، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان ، صدور نیشنل رُورَل سپورٹ پروگرام ، بینک آف پنجاب ، حبیب بینک لمیٹڈ ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح لمیٹڈ شامل ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ، بینکوں اور مائیکرو فنانس اداروں کے صدور اور نمائندگان نے شرکت کی۔











