ایبٹ آباد، 09 فروری (اے پی پی):مسلم لیگ(ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جیلیں بھرنے کے دعویداروں نے 10سال تک اپنی جیبیں بھریں،موجودہ مشکل حالات کا ذمہ دار عمران خان اوراس کے حواری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)جب بھی برسراقتدار آئی ملک کی معیشت مضبوط کی اورملک کے مسائل حل کئے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو خدمت کے جذبہ سے سرشار مسلم لیگ(ن)کی ضرورت ہے،عوام نواز شریف کے چار سالہ دور اورعمران خان کے چار سالہ دور کا موازنہ کریں،عوام کو واضح فرق نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے آزمائے ہوئے لوگوں کو بہت آزمالیا اب عوام اپنی نسلوں کی بہتری کی خاطر مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک کو مشکلات کے بھنور سے صرف مسلم لیگ(ن)ہی نکال سکتی ہے،مخالفین بھی آج کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا حکم تھاکہ پورے ملک میں جاؤں اورپارٹی کارکنوں کی بات سنوں،خیبرپختونخوا اورہزارہ کے عوام نے انہیں ہمیشہ عزت دی ہے،نواز شریف نے ہزارہ کو موٹروے کا تحفہ دیا۔
کارکنوں کی جانب سے صوبہ ہزارہ کے مطالبہ پر مریم نواز نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے پارلیمنٹ میں دوتہائی اکثریت کی ضرورت ہے۔عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن)کو ووٹ دے کر دوتہائی اکثریت سے کامیاب بنائیں،وہ صوبہ ہزارہ کی قیام کا وعدہ کرتی ہیں۔
کنونشن سے مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر امیرمقام،جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی،سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اورمسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ خیبرپختونخوا کے صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے بھی خطاب کیا۔کنونشن میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے مسلم لیگ(ن)کے ضلعی عہدیداران،یوتھ ونگ،خواتین ونگ،لیبرونگ کے عہدیداروں اورمسلم لیگ(ن)کے کارکنوں سے کثیرتعداد میں شرکت کی۔











