پشاور، 10 فروری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملک معاشی مسائل سے دوچار ہے تاہم ضم اضلاع میں عوامی مفاد کے منصوبےبنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں گورنر کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے بندوبستی اور ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس پر گورنر نے ضم اضلاع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی فہرست فراہم کرنیکی ہدایت کی۔
گورنر حاجی غلام علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جاری منصوبوں کیلئے مطلوبہ فنڈز کے اجراء کیلئے وفاق سے بات کی جائے گی۔
اجلاس میں نگران صوبائی وزیر محمد علی شاہ، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات امتیاز علی شاہ سمیت محکمہ کے دیگرافسران موجود تھے۔