ملتان؛ ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موٹروے پولیس کا پاک ترک سکول کا دورہ

6

ملتان، 11 فروری(اے پی پی): زلزلے سے متاثرہ ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موٹروے پولیس نے پاک ترک سکول کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی کی علامت کے طور پر پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

  ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی نے پاکستان موٹروے پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے پاک ترک سکول مین کیمپس کا دورہ کیا تاکہ ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے جنہوں نے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کا سامنا کیا جس کے نتیجے میں  قیمتی جانوں، املاک اور معاشرے کو بدترین نقصان پہنچا۔انہوں نے اس حوالے سے ڈائریکٹر پاک ترک سکول سے ملاقات کی اور ان سے  تعزیت کی،شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور پسماندگان کے لیے دعا بھی کی گئی۔

ڈی ایس پی مسرور علی نے بعد ازاں مختلف کلاسز کا دورہ کیا اور طلباء سے بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی کی علامت کے طور پر پھول بھی پیش کیے گئے ۔ ڈائریکٹر نے ترک عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور اس بھائی چارے کے لیے پاکستان موٹروے پولیس کی تعریف کی۔