ملتان ؛ 3روزہ پولیو مہم کا افتتاح،8 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی

20

ملتان، 11 فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے شہباز شریف ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر تین روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع کی 107 یونین کونسلز میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی ، 32 سو سے زائد فیلڈ ٹیمیں گھروں اور عوامی مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دینگی۔

 عمر جہانگیر نے کہا کہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، پولیو ٹیموں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے شہباز شریف ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور مخلتف وارڈز میں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ بلاتفریق تمام مریضوں کو ادویات فراہمی یقینی بنائی جائے۔