اوکاڑہ؛ موٹروے پولیس کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ جیل میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمنار کاانعقاد

19

اوکاڑہ،12فروری(اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمنارکا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی آ ئی جی جیل ساہیوال/ بہاولپور ریجن ملک شوکت فیروز، سیکٹر کمانڈرنیشنل ہائی ویز اینڈموٹر وے پولیس  این فائیو/ سیکٹرون شہباز عالم ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ  کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان ،سپرنٹنڈنٹ جیل ساجد بیگ، سول جج احمد عمران ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے انسانی زندگی کی اہمیت اور روڈ سیفٹی کے اصولوں اور قواعد ضوابط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دوران سفر ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سے بہت سے جانی تقصانات سے بچاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روڈ پر موٹر سائیکل چلاتے وقت دونوں اطراف کے شیشوں سے مدداور  ہیلمٹ کا استعمال لازمی کرنا چاہیئے  اور گاڑی چلاتے ہوئے سیٹ بیلٹ کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلاتے وقت زندگی کو شدید خطرہ رہتا ہے، خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کی صورت میں انسان موت کے منہ چلا جاتاہے۔

ڈی آ ئی جی ملک شوکت فیروز نے کہا کہ انسان کی زندگی بہت قیمتی ہے ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے ایک زندگی بچانا گویا تمام جہان کو بچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے شرکاء سےکہا کہ وہ آ ج وعدہ کریں کہ بغیر ہیلمٹ روڈ پر موٹر سائیکل نہیں چلائیں گے اور ٹریفک قوانین کو اپنا شعار بنائیں گے۔

 سیکٹر کمانڈر شہباز عالم نے جوانوں سے کہا کہ ہم نے اگر اچھا معاشرہ تشکیل دینا ہے تو پھر ہمیں قانون کی پاسداری کرنا ہوگی،اپنی اور  دوسروں کی جان بچانے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے، ہم دنیا میں تب ہی مقام حاصل کر سکتے ہیں جب ہم  اپنی زندگیوں کو قوانینِ کے مطابق ڈھالیں گے۔

 ڈی پی او اوکاڑہ منصور امان نے کہا کہ پاکستان میں روڈ ایکسیڈنٹ کا تناسب بہت زیادہ ہے، ہمیں روڈ پر سفر کرتے وقت ٹریفک قوانین کی پاسداری اور مکمل ذہنی ہم آہنگی سے ڈرائیونگ کرنا چاہیے۔

 جیل سپرنٹنڈنٹ ساجد بیگ نےموٹر وے پولیس کی جانب سے جیل ملازمین کے لئےروڈ سیفٹی آگاہی  سیمینارکے انعقاد پر نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹر وے پولیس کے سیکٹر کمانڈر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔