نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی لاہور سمیت بڑے شہرو ں میں جشن بہاراں کی تقریبات جوش و خروش سے منانے کی ہدایت

24

لاہور،14فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور سمیت بڑے شہرو ں میں جشن بہاراں کی تقریبات جوش و خروش سے منانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں  نے کہاکہ لاہور سمیت بڑے شہرو ں میں میراتھن ریس کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے  لاہو رمیں ہارس اینڈ کیٹل شو بھی کرانے کی ہدایت کی، جشن بہاراں کی تقریبات لاہور کے مختلف پارکس اور مقامات پر منعقد ہوں گی،پی ایس ایل میچوں کے باعث جیلانی پارک کے علاوہ جشن بہاراں کی تقریبات کو دیگر پارکس اور مقامات پر کرانے کا فیصلہ کیاہے،شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے منفرد انداز میں تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت  وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور اور دیگر شہروں میں جشن بہاراں کی تقریبات کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں کی تقریبات میں پنجاب کے روایتی کھانوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔سرکس کو جشن بہاراں کی تقریبات کا حصہ بنایاجائے گا۔ عوام کی تفریح کے لئے میوزک، پھولوں کی نمائش،داستان گوئی، مصوری کے مقابلے،برڈ شو، کیٹ شو،ڈاگ شو اور دیگر تقریبات کااہتمام کیاجائے گا۔نہراوربڑی سڑکوں کو خوبصورت لائٹس سے روشن کیاجائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ابراہیم مراد، صوبائی وزیر لائیوسٹاک بلال افضل، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ،لائیوسٹاک، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر فیصل آباد ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔