لاہور، 18 فروری (اے پی پی): نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے 1.42 ارب کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاہور میں 500 نئی سائٹس پر کیمروں کی تنصیب کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر کے سروس سٹرکچر اور پیکج پر بھی غور کیا گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی موثر مانیٹرنگ کے لیے راولپنڈی اور ملتان کے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کی 550 خصوصی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے، پی ایس ایل میچز کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پرامن اور بہترین ماحول میں پی ایس ایل کے انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے بہترین ٹریفک پلان فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مکمل بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
نگراں وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے متعلق دیگر امور کی بھی منظوری دی۔ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم)، سی سی پی او، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔