لاہور،21فروری (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے لاہور عجائب گھر میں نمائش کا افتتاح کیا ۔نمائش بعنوان”معجزہ فن ” 15مارچ تک جاری رہے گی جس میں صادقین کے فن پارے، صوفی تبسم اور فیض احمد فیض کی تصاویر، کتابیں اورنوادرات شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے مختلف گیلریز کا معائنہ کیا اور فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔نمائش کا انعقاد پاکستان کے نامور مصور صادقین نقوی کے چھتیسویں یوم وفات کے موقع پر کیا گیا ہے۔نمائش کا سب سے اہم حصہ صادقین مصور کی اسلامی خطاطی ہے۔ ایک طویل عرصے کے بعد یہ فن پارے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور کے تعاون سے دوبارہ عوامی نمائش کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔سیکرٹری ٹورازم ظہیر حسین، ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر محمد عثمان اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔