امریکی قونصلیٹ جنرل لاہورکا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کا دورہ

12

سیالکوٹ،23فروری(اے پی پی):امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور  رچرڈ ٹی فلپس (قونصلر سیکشن چیف)نے  وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ  کیاجس دوران سیالکوٹ کی  تاجر برادری سمیت پاکستانی امریکن نیشنلٹی ہولڈرز کے  ویزہ مسائل بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدلغفور ملک اور سینئر نائب صدر وہب جہانگیر سمیت اراکین مجلس عاملہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری   عبدالغفور ملک نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے قونصلر سیکشن چیف رچرڈ  ٹی فلپس اور ان کی ٹیم کو امریکی قونصلیٹ لاہور سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) میں خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ رچرڈ فلپس کا سیالکوٹ چیمبر   کا  دورہ یو ایس قونصلیٹ لاہور کے درمیان تعلقات کی ہم آہنگی کو مزید بڑھانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ سیالکوٹ میں مقیم امریکی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو امریکا  کی خدمات کے بارے میں ان کے مشورے اور مدد حاصل کی جا سکے۔

عبدالغفور ملک نے مزید کہا کہ درحقیقت امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور کاروباری برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کے لیے موجودہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ لاہور کی طرف سے سیالکوٹ چیمبر کو کاروبار سے کاروباری تعلقات کو سہل بنانے اور بہتر کرنے میں مدد دینے کے لیے خصوصی کاوش ہے ۔

صدر ایس سی سی آئی  کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے مفاد اور اس کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت کو سراہتے اور تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقتصادی ترقی اور متعدد شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے مستحکم  ہونے  کے لیے پرعزم  ہیں۔

 کونسلر سیکشن چیف، یو ایس قونصلیٹ، لاہوررچرڈ ٹی فلپس کے  سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے دورے کے دوران    ڈپٹی چیف، امریکن سٹیزن سروسز اویس شہبازاور سی ایل وی وارڈن سیالکوٹ عبدالغفور ٹونی   بھی ان کے ہمراہ تھے۔انکے اس  دورے کا مقصد سیالکوٹ میں مقیم امریکی شہریوں سے بات چیت کرنا اور انہیں امریکی قونصلیٹ کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات سے متعلق درپیش چیلنجز کا اندازہ لگانا ہے۔امریکی شہریوں کے قریبی رشتہ داروں کے تارکین وطن کے ویزوں کی درخواست میں درپیش چیلنجز، اور یو ایس پاسپورٹ کی تجدید، میڈیکل ویزا، اسٹوڈنٹ ویزا اور B1/B2 سے متعلق سوالات جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں ہونے والی  اس ملاقات کے دوران لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے وفد نے سیالکوٹ میں مقیم امریکی شہریوں سے ملاقات کی اور ان کی ویزا درخواستوں میں سہولت فراہم کی۔ کونسلر سیکشن چیف، یو ایس قونصلیٹ، لاہور  رچرڈ ٹی فلپس نے بھی امریکی ویزا پالیسی کے حوالے سے  سیالکوٹ کی کاروباری برادری اور امریکہ میں مقیم  پاکستانی شہریوں کے مسائل سنے  اور انکے حل کے لیے مختلف آراء دیں۔

قونصلر سیکشن چیف، یو ایس قونصلیٹ، لاہور نے اجلاس کے شرکاء کو امریکی ویزا پالیسی کے حوالے سے آگاہ کیا اور اجلاس کے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات  بھی دئیے۔