فیصل آباد،23فروری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ اور انہیں بہترین کسٹمرسروسز کی فراہمی فیسکوکی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔صارفین کے نئے کنکنشزکی تنصیب،خراب
میٹروں کی تبدیلی اوربجلی سے متعلقہ دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پرمنعقدہ ای کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی(پاورڈویژن)کی ہدایات پر صارفین کے مسائل کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور ان کی دہلیز پر گھر بیٹھے ایک کلک پرمسائل حل کئے جارہے ہیں۔انہصں نے کہا کہ حکومتی ویژن کی روشنی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد صارفین بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے میں بہت مددگارثابت ہورہا ہے۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہاکہ صارفین کو گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات براہ راست چیف ایگزیکٹو آفیسرتک پہنچانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے صارفین اور فیسکو انتظامیہ کے درمیان صارف دوست ماحول پیداہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔تمام آپریشن اور دیگر متعلقہ فیسکو افسران و سٹا ف صارفین کوبجلی کی بلاتعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے ہمہ قسم کے مسائل کابھی جلد ازالہ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں قائم مرکزی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ 118،ٹال فری نمبر -66554 0800اور ایس ایم ایس سروس 8118پر بھی صارفین اپنی شکایات چوبیس گھنٹے درج کراسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو نے صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں بجلی چوری کی وارداتوں پرگہری نظر رکھیں اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے فیسکو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ فیسکو سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے اورصارفین کو ریلیف مل سکے۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والی آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،سرگودھا،میانوالی، خوشاب اور بھکر کے صارفین نے فیس بک پر مختلف نوعیت کے مسائل جن میں نئے کنکشنز کی جلد تنصیب،پرانی اور خستہ حال تاروں کی تبدیلی،ٹرانسفارمر ز کی اپ گریڈیشن،خراب میٹروں کی تبدیلی سمیت وولٹیج کی کمی بیشی سے آگاہ کیا۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے صارفین کے مسائل کے جلد ازالے کیلئے متعلقہ افسران کوفوری احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر فیسکوکے پانچوں آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز سمیت جنرل مینجر آپریشن غلام فاروق، ڈائریکٹر جنرل (ایچ آر)اطہر ایوب چوہدری، ڈائریکٹر پی آر طاہر شیخ اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔











