میرپورخاص،23 فورری (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی میر منور علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں اوٹی کمپلیکس اور سرجیکل وارڈ کا افتتاح کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈوالھیار، تھرپارکر اضلاع سمیت دیگر اضلاع کے لوگ مفت علاج کرانے آتے ہیں دیگر آرتھو پیڈک سرجری گزشتہ 10 سالوں سے بند تھی جسے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میر منور علی خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور کو چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ لوگوں کو صحت سمیت دیگرتمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا جائیں جو کہ سندھ حکومت کی جانب سے میر پورخاص والوں کے لیئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال ایک زندہ مثال ہے جبکہ یہ شہر میں ڈویژنل سطح کا بہترین ہسپتال بنایا گیا ہے۔
میر منور علی خان نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں یہ ہی سرجری 70 ہزار سے ایک لاکھ میں کی جاتی ہے جبکہ یہاں مفت کی جا رہی ہے ، آنکھوں کا آپریشن تھیٹر تیار ہو گیا ہے جسے جلد شروع کیا جائے گا ۔ہسپتال میں پانچ او ٹی چل رہے ہیں جبکہ ایک اوٹی کی لاگت چار کروڑ ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت کافی حد تک ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا گیا ہے ۔ہسپتال میں ڈاکٹروں کی پوسٹیں 112 ہے جن میں سے 67 ڈاکٹر کام کر رہے ہیں بقایا ڈاکٹروں کی کمی کو بھی جلد پورا کیا جائے گا، ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے بعد ہسپتال میں سے ریفرل سسٹم کو ختم کیا گیا ہے ۔
تقریب میں ایس ایس پی چوہدری اسد علی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر جیرام داس سول سرجن ڈاکٹر شیرو موتی، آل سندھی پٹھان یوتھ کے ضلعی پگدار آغا زبیر جان سرھندی، انفارمیشن پگدار غوث محمد پٹھان، پی پی کے میر حسن ڈہونکائی، عبدالسلام میمن، ڈاکٹر ماجد، ڈاکٹر سنیل، ڈاکٹر دھنراج، ڈاکٹر لیکھراج سمیت دیگر موجود تھے۔